پاکستانی خبریں

وزیراعلیٰ مریم نواز نے طلبہ پر ہتھکڑیاں لگانے سے روکا، ٹریفک قوانین پر آگاہی مہم کی ہدایت

خلیج اردو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کو ہتھکڑیاں لگانے کے اقدام کو روک دیا اور اس پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین عوام کی جان کی حفاظت کے لیے بنائے جاتے ہیں اور ہر شہری کو اپنی حفاظت کے لیے اپنی عادتیں بدلنی ہوں گی۔

مریم نواز نے 16 سال کے بچوں کے لیے سمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا اصولی فیصلہ کیا۔ انہوں نے صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ عوام، بالخصوص طلبہ کے لیے ہفتہ آگاہی منایا جائے اور ہیلمٹ نہ پہننے کی پہلی خلاف ورزی پر صرف وارننگ چالان جاری کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹریفک پولیس عوام کی عزت نفس کا خاص خیال رکھے اور قوانین کے نفاذ میں اخلاقیات اور حساسیت کو مقدم رکھے۔

قبل ازیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے کم عمر بچوں کو گرفتار کرنے پر سخت نوٹس لیا تھا۔ چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کو حکم دیا کہ پہلے آگاہی مہم چلائی جائے اور پہلی بار موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے والے کم عمر بچوں کو وارننگ دی جائے۔ غلطی دہرانے پر ہی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button