پاکستانی خبریں

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، آٹھ دہشتگرد ہلاک، ایک سیکیورٹی جوان شہید

خلیج اردو
راولپنڈی، 5 مئی 2025: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 4 اور 5 مئی کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر آٹھ خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا، جبکہ وطن کے ایک جانباز سپوت نے جامِ شہادت نوش کیا۔

ترجمان کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا، جس میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ ایک اور آپریشن جنوبی وزیرستان میں ہوا، جہاں دو خوارج ہلاک کر دیے گئے۔ اس کارروائی کے دوران کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ نائیک مجاہد خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔

اس کے علاوہ خیبر اور بنوں اضلاع میں بھی دو علیحدہ جھڑپیں ہوئیں جن میں مزید تین خوارج مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ یہ عناصر سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور ہمارے شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button