
خلیج اردو
راولپنڈی: پی ٹی آئی کے گزشتہ سال 24 اور 26 نومبر کو احتجاج کے حوالے سے درج مقدمات پر انسداد دہشتگردی عدالت نے اہم فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 82 ملزمان کو اعتراف جرم کرنے پر چار ماہ قید اور 15 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ ان مقدمات کی سماعت اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے کی، جن میں 568 ملزمان عدالت پیش ہوئے جبکہ 1609 ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ ان مقدمات میں 82 ملزمان نے اعتراف جرم کیا، جنہیں چار ماہ قید اور 15، 15 ہزار روپے جرمانہ کی سزا دی گئی۔
عدالت نے 1049 غیر حاضر ملزمان کی ضمانتیں خارج کر دیں۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان جان بوجھ کر ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ اس پر عدالت نے 25 ملزمان کی ضمانت درخواستیں خارج کر دیں۔
عدالت نے مجموعی طور پر 1074 ملزمان کے آئی ڈی کارڈز بلاک کرنے، بنک اکاونٹس منجمد کرنے اور گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ دوران سماعت پراسیکیوشن کی استدعا پر عدالت نے شاندانہ گلزار کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ شاندانہ گلزار، جو ایم این اے ہیں، تنخواہ لیتی ہیں اور صبح سے توہین عدالت کر کے کارروائی میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔ کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی گئی۔






