
خلیج اردو
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے رہنما فاروق ستار نے سندھ حکومت پر 16 سالہ بدترین بدعنوان حکمرانی کا الزام عائد کرتے ہوئے رمضان کے بعد وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ 2016 کے بعد بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ایم کیو ایم سے لے کر جاگیرداروں کو دی گئی، جبکہ کراچی کے 25 ٹاؤنز نے ریٹائرڈ ملازمین کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد کے ایم سی کے واجبات کی ادائیگی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن ریٹائر ملازمین کے واجبات 2017ء سے ادا نہیں کیے جا رہے۔
فاروق ستار نے سوال اٹھایا کہ شہری اداروں کے ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟ اگر ریٹائرمنٹ فنڈ کے پیسے ہڑپ کر لیے گئے ہیں تو عدالتیں اس کی تحقیقات کریں۔ انہوں نے وزیرِاعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دینے کا اعلان بھی کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ استحصال ہو رہا ہے، بوگس ڈومیسائل کے ذریعے کوٹے پر قبضہ کیا جا رہا ہے، اور اس میں وفاقی حکومت بھی برابر کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو ایک لاوا پک رہا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔






