پاکستانی خبریں

شرجیل میمن کا فاروق ستار پر جوابی وار! ایم کیو ایم پر کرپشن اور ناقص حکمرانی کے الزامات

خلیج اردو
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں "سیاست کے بڑے شعبدہ بازوں” میں شمار کیا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو غیر ضروری تنقید کا نشانہ بنانے سے پہلے فاروق ستار کو حقائق اور اعداد و شمار کا مطالعہ کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں 160 ارب روپے سے زائد بقایاجات اور پنشن کی مد میں ادائیگیاں کیں، جبکہ کے ایم سی، کے ڈی اے اور واٹر بورڈ جیسے ادارے خودمختار ہیں اور اپنی مالی ذمہ داریوں کے خود ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے بلدیاتی اداروں کو سندھ حکومت نے گزشتہ سال 20 ارب روپے کی اضافی گرانٹ دی تاکہ وہ مالی بحران سے نکل سکیں۔ تاہم، ان کے بقول کراچی اور حیدرآباد کے شہری اداروں کی موجودہ خراب مالی حالت ایم کیو ایم کی ناقص حکمرانی اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔

شرجیل میمن نے ایم کیو ایم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی میں کے ڈی اے، کے ایم سی اور واٹر بورڈ میں بے تحاشا کرپشن اور جعلی بھرتیاں ہوئیں، جس کے باعث یہ ادارے بدحالی کا شکار ہوئے۔ انہوں نے فاروق ستار کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا کہ 80 فیصد واجبات سندھ حکومت کے ذمہ ہیں اور کہا کہ سندھ میں تمام ملازمتیں آئینی و قانونی طریقہ کار کے تحت دی جاتی ہیں۔

انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر فاروق ستار کے پاس جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں کے ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائیں۔ مزید برآں، اگر ایم کیو ایم سمجھتی ہے کہ 25 ارب روپے غائب ہو گئے ہیں تو وہ ثبوت فراہم کرے، کیونکہ سندھ حکومت آزاد اور شفاف آڈٹ کے لیے تیار ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہری علاقوں میں جدید ترقیاتی منصوبے مکمل کیے، جبکہ ایم کیو ایم کے دور میں شہر کھنڈر میں تبدیل ہو گیا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button