پاکستانی خبریں

"پشاور ہائیکورٹ میں بھکاری کی 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری پر برہمی، ریکارڈ طلب”

خلیج اردو
پشاور:پشاور ہائیکورٹ میں 3 ایم پی او کے تحت بھکاری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انتظامیہ نے 300 سے زائد افراد کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا ہے، جن میں بھکاری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اس گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے کر رہائی کا حکم دیا جائے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار شخص بھیگ مانگ رہا تھا، جبکہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 3 ایم پی او کے تحت کارروائی کی گئی۔

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ "کیا 3 ایم پی او میں بھکاری کو گرفتار کرنا قانونی ہے؟ بھکاریوں کے لیے علیحدہ قانون موجود ہے، اسی کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی کیسز کے بعد اب بھکاریوں کو بھی 3 ایم پی او میں ڈال دیا گیا ہے، جو قابل تشویش ہے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس سے ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے اور جیسے ہی ریکارڈ موصول ہوگا، عدالت کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button