
خلیج اردو
اسلام آباد: گوگل نے پاکستان میں تعلیم و تربیت سے متعلق خصوصی اقدامات کی حامی بھر لی ۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں گوگل فار ایجوکیشن کی جانب سے حکومت کے ساتھ تعاون کا دائرہ کار بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مینیجنگ ڈائریکٹر کیوین کیلز کی سربراہی میں گوگل فار ایجوکیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے گوگل کے پاکستان میں کروم بک بنانے کا پلانٹ لگانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم کو گوگل فار ایجوکیشن کے پاکستان میں تعلیم و تربیت کی ترویج کے لئے اقدامات پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوگل فار ایجوکیشن ، ڈیجیٹل سیفٹی خصوصا ً بچوں کے لئے ڈیجیٹل سیفٹی پروگرام "ڈیجیٹل سفر” پر کام کر رہا ہے ۔
گوگل فار ایجوکیشن اور نیشنل رورل اسپورٹ پروگرام مل کر دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل اسکلز اور تحفظ کے لئے کام کر رہے ہیں۔مصنوعی ذہانت کی مدد سے اسکول سے باہر بچوں کی تعداد میں کمی لائی جائے گی ۔ گوگل فار ایجوکیشن پاکستان کی اہم قومی زبانوں میں مصنوعی ذہانت کی تربیت فراہم کرے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے : ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک میں نوجوانوں کی صلاحیت میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں:ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں قابل طالب علموں کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے بجٹ میں رقم مختص کی جا چکی ہے۔