
خلیج اردو
لاہور – پنجاب میں گرمی کی لہر نے شدت اختیار کر لی ہے اور اپریل کے اختتام تک درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق مختلف شہروں میں گرمی کا زور برقرار ہے۔
گزشتہ روز بہاولنگر میں درجہ حرارت 44 ڈگری، رحیم یار خان اور بھکر میں 42 ڈگری، جبکہ کوٹ ادو میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کی مقدار میں اضافہ کریں۔
ادھر کراچی میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے جہاں آج درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔
ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جاری ہیٹ ویو انسانی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے، خاص طور پر بچے، بزرگ اور بیمار افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔







