متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا پر کسی کی توہین یا بدنامی کرنے پر قید اور ڈھائی لاکھ سے پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ ہوسکتا ہے

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا پر کسی کی توہین یا بدنامی کرنے پر قید اور ڈھائی لاکھ سے پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ اماراتی حکام نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ آن لائن گفتگو میں دوسروں کی عزت و وقار کا خیال رکھیں اور سوشل میڈیا کو ذاتی حملوں یا تضحیک کے لیے استعمال کرنے سے گریز کریں۔

یہ انتباہ متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ کی جانب سے دبئی پولیس اور دبئی الیکٹرانک سکیورٹی سینٹر کے تعاون سے جاری ملک گیر آگاہی مہم کا حصہ ہے۔ ’’آپ کی ڈیجیٹل آگاہی سے متحدہ عرب امارات محفوظ ہے‘‘ کے عنوان سے یہ مہم اکتوبر میں سائبر سکیورٹی آگاہی ماہ کے دوران چلائی جارہی ہے، جس کا مقصد شہریوں اور رہائشیوں کو ڈیجیٹل دنیا میں ذمہ دارانہ رویے اور سائبر جرائم سے متعلق قوانین سے آگاہ کرنا ہے۔

مہم میں وفاقی فرمان قانون نمبر 34 مجریہ 2021 کے آرٹیکل 43 کو نمایاں کیا گیا ہے، جو افواہوں اور سائبر جرائم کی روک تھام سے متعلق ہے۔ قانون کے مطابق انفارمیشن نیٹ ورک یا کسی دوسرے انفارمیشن سسٹم کے ذریعے کسی شخص کی توہین کرنے یا اس سے متعلق ایسا واقعہ منسوب کرنے پر جس سے اسے قانونی سزا یا لوگوں کی نظر میں تحقیر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہو، قید، ڈھائی لاکھ سے پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکتی ہیں۔

حکام کے مطابق اگر توہین کا نشانہ بننے والا شخص اپنے سرکاری فرائض انجام دینے والا سرکاری عہدیدار ہو تو جرم کی سنگینی کے باعث سزا میں مزید سختی ہوسکتی ہے۔

آگاہی مہم میں سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ آن لائن پلیٹ فارمز کو مثبت اظہار، تعمیری گفتگو اور مختلف آرا کے باہمی احترام کے لیے استعمال کریں۔ ذاتی حملوں، تضحیک اور دوسروں کی کردار کشی کے بجائے ایسے مکالمے کو فروغ دیا جائے جو معاشرتی اقدار سے مطابقت رکھتا ہو اور ڈیجیٹل ماحول کو محفوظ بنانے میں مدد دے۔

یہ مہم صرف آن لائن توہین اور بدنامی تک محدود نہیں بلکہ سائبر جرائم، انٹرنیٹ فراڈ اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے متعلق آگاہی بھی فراہم کرتی ہے۔ اس کا مقصد معاشرے کے تمام طبقات میں ڈیجیٹل خواندگی بڑھانا اور لوگوں کو آن لائن سرگرمیوں کے دوران قانونی حدود اور اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں سائبر سکیورٹی آگاہی ماہ کے سلسلے میں یہ مہم پورے اکتوبر جاری رہے گی۔ حکام کے مطابق ڈیجیٹل دنیا میں ذمہ دارانہ طرز عمل، دوسروں کے احترام اور قوانین کی پاسداری کے ذریعے ایک محفوظ آن لائن ماحول تشکیل دینے میں عوام کا کردار اہم ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button