خلیج اردو: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے عوام سے چندے کی اپیل کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے پی ٹی آئی کی جدوجہد کی حمایت اور مالی معاونت کیجئے۔
اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف وہ سیاسی جماعت ہے جو اندرون ملک اور سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والے چندے سے یہاں تک پہنچی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نا تو سرمایہ داروں کی ہے اور نا ہی مافیاز کی جماعت ہے، یہ جماعت عوام کے پیسوں سے بنی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم پاکستان کی حقیقی تحریک آزادی کے لیے نکلنے لگے ہیں، 2 تاریخ کے جلسے کے بعد ہم پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے بعد ہم عام انتخابات میں حصہ لیں گے ، اس سب کے لئے ہمیں فنڈز کی ضرورت ہے۔ عوام نے پہلے جس طرح ہماری مدد کی اسی طرح ہمیں فنڈز دیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عوام سے سیاسی سرگرمیوں کے گاہے بگاہے چندہ مانگتے رہے ہیں۔
اپریل 2022 میں عمران خان نے اپنی احتجاجی مہم کے لیے سمندر پار پاکستانیوں سے چندے کی اپیل کی تھی، اس اپیل کے بعد تحریک انصاف کا دعویٰ تھاکہ انہیں کروڑوں روپے چندے کی مد میں موصول ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ عمران خان نے 2016 میں بھی عوام سے چندے کی اپیل کی تھی۔ اس سے بھی ان کی جماعت کو اچھی خاصی رقم چندے کی صورت میں ملی تھی۔۔۔۔