پاکستانی خبریں

جو نظریے کے ساتھ نہیں، اس کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، بانی پی ٹی آئی کا دو ٹوک پیغام

خلیج اردو
راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے والوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔ یہ بات ان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بتائی۔ علیمہ خان کے مطابق بانی نے واضح کیا ہے کہ چاہے ساری زندگی جیل میں رکھ لیا جائے، وہ اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جو بھی اس نظریے کے ساتھ نہیں ہے، وہ پارٹی میں نہیں رہے گا، وقت بدل چکا ہے اور اب پارٹی کو ایک بڑی عوامی تحریک کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں تحریک چلائی جائے گی، لیکن اسلام آباد کی طرف مارچ کا ارادہ نہیں ہے۔

علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کی جیل میں حالت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عام قیدیوں کے بنیادی حقوق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔ آٹھ ماہ میں صرف ایک مرتبہ بچوں سے بات کرائی گئی، بہنوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، کتابیں پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے تو جیل انتظامیہ روک دیتی ہے، اور ذاتی معالجین سے چیک اپ کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button