
خلیج اردو
نئی دہلی، 3 مئی 2025
بھارتی حکومت نے پاکستان سے ہر قسم کی براہ راست یا بالواسطہ درآمدات پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان محدود تجارتی روابط بھی معطل ہو گئے ہیں۔ بھارتی وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، فارن ٹریڈ پالیسی 2023 میں ترمیم کرتے ہوئے یہ فیصلہ "تاحکمِ ثانی” نافذ کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی بھارت کے قومی مفاد میں لگائی گئی ہے، اور اس کا اطلاق تمام اشیاء پر ہوگا، چاہے وہ کسی بھی راستے سے درآمد کی جا رہی ہوں۔
تجارتی پابندیوں کے ساتھ ساتھ، بھارتی حکومت نے پاکستانی پرچم بردار جہازوں کی ہندوستانی بندرگاہوں میں داخلے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ کشیدہ حالات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
یہ نئی پابندیاں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتی ہیں اور خطے میں تجارتی و سفارتی تناؤ میں مزید اضافہ کر سکتی ہیں۔







