متحدہ عرب امارات

دبئی میں 1 لاکھ 80 ہزار درہم کے تنازع پر چینی باشندہ بے دردی سے قتل، دو ملزمان گرفتار

خلیج اردو
دبئی، 3 مئی 2025
دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے ایک رہائشی ٹاور کی 36 ویں منزل پر واقع اپارٹمنٹ میں 40 سالہ چینی باشندے کو اس کے دو دوستوں نے ایک لاکھ 80 ہزار درہم کے مالی تنازع پر جھگڑے کے دوران چاقو کے وار سے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق، مقتول کی شناخت Z.H.S. کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنی غیر چینی بیوی کے ساتھ وہاں مقیم تھا۔

رپورٹ کے مطابق مقتول نے دونوں دوستوں کو اپنے اپارٹمنٹ میں مدعو کیا تھا اور بیوی سے کہا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ دوسرے کمرے میں چلی جائے۔ کچھ ہی دیر بعد تینوں افراد کے درمیان پیسوں کے لین دین پر شدید جھگڑا ہوا، جس کے دوران مقتول پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔

چیخ سن کر بیوی کمرے میں پہنچی تو اسے اپنے شوہر کو خون میں لت پت زمین پر پایا۔ فوری طور پر پولیس، طبی عملہ اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچ گئی، مگر زخم دل پر لگنے کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔

پولیس نے ایک ملزم A.Y.N. کو سیڑھیوں میں چھپے ہوئے گرفتار کر لیا، جبکہ دوسرا ملزم J.W.J. چند گھنٹوں بعد ایک قریبی علاقے سے گاڑی چلاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ دونوں افراد نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول نے ان سے بالترتیب 1 لاکھ 45 ہزار اور 35 ہزار درہم ادھار لیے تھے اور بعد میں انکار کر دیا، بلکہ انہیں تضحیک کا نشانہ بھی بنایا۔

ملزمان نے بتایا کہ وہ پہلے ہی قریبی کریانہ اسٹور سے دو چاقو خرید کر مقتول سے جھگڑا کرنے کی نیت سے اس کے اپارٹمنٹ پر گئے تھے۔ واقعے کے بعد وہ سیڑھیوں کے ذریعے فرار ہو گئے۔

مقدمہ اب پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے اور عدالت میں زیر سماعت ہے۔ فیصلے کی توقع آئندہ چند ہفتوں میں کی جا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button