پاکستانی خبریں

 بھارت پاکستان کے شہروں میں دہشت گردی کرنے کی تیاری کر رہا ہے،وزیر دفاع خواجہ آصف 

خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کرنے کی تیاری کر رہا ہے، اور اگر بھارت نے پاکستان کے کسی شہر میں دہشت گردی کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے کسی عالمی دباؤ میں نہیں آئے گا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کا ملوث ہونا نظر آتا ہے، خاص طور پر بی ایل اے اور افغانستان میں ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے بھارت کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بطور ریاست کینیڈا اور امریکا میں دہشت گردی کو ایکسپورٹ کیا، جس پر کینیڈا نے بھارت کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کلبھوشن یادیو کی شکل میں بھارت کی دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی زندہ گواہی ہمارے پاس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کھلم کھلا بھارت کے ساتھ اپنے روابط کو تسلیم کرتی ہے، اور بھارت کی دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ تعلقات اب کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ تاریخ میں مودی سے بڑا دہشت گرد پیدا نہیں ہوا اور اس کی حکومت کی جارحانہ روش اور دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button