سپورٹسعالمی خبریںپاکستانی خبریں

پاک بھارت آئی سی سی ایونٹ پر سیکیورٹی خدشات اور سیاسی دباؤ کے سائے، بھارتی بورڈ کا پاکستان سے کرکٹ کھیلنے سے انکار

خلیج اردو
لاہور/نئی دہلی – پاک بھارت کرکٹ مقابلوں پر ایک بار پھر سیاست کا سایہ منڈلانے لگا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ نے مودی حکومت کے دباؤ میں آ کر پاکستان کے ساتھ کسی بھی سطح پر کرکٹ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد رواں سال کے آئی سی سی ایونٹ میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے ممکنہ مقابلے بھی غیر یقینی کا شکار ہو گئے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق، پہلگام واقعے اور پاکستان سے موجودہ سفارتی کشیدگی کے پیش نظر سیکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کسی بھی قسم کی دوطرفہ یا بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی جائے گی۔ بورڈ نے یہاں تک عندیہ دیا ہے کہ آئی سی سی ایونٹس میں بھی پاک بھارت میچز پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس صورتحال پر محتاط ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں حکومت پاکستان کی ہدایت پر عمل کرے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے ہائیبرڈ ماڈل کے تحت کھیلنے کی پیشکش برقرار ہے، جس کے تحت پاکستان اپنی میزبانی نیوٹرل وینیو پر فراہم کرے گا، لیکن بھارت کا موجودہ مؤقف اس ماڈل کے مستقبل کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رواں سال ایک بڑا آئی سی سی ایونٹ متوقع ہے، جس میں پاک بھارت ٹاکرا شائقین کی سب سے بڑی توجہ کا مرکز ہو سکتا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button