
خلیج اردو
اسلام آباد – انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 86 کارکنان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی ہے، جن کی رہائی آئندہ دو روز میں متوقع ہے۔ یہ پیش رفت اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے تمام ملزمان کی ضمانتیں منظور کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف تھانہ کوہسار اور ترنول میں مختلف مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں اشتعال انگیزی، امن عامہ میں خلل، اور توڑ پھوڑ جیسے الزامات شامل ہیں۔
ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے خلاف درج آزادی مارچ کیس میں بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔ عدالت نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ محفوظ فیصلہ 17 جون کو سنایا جائے گا۔
پی ٹی آئی کی قیادت نے کارکنان کی ضمانتوں کو انصاف کی فتح قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پرامن احتجاج کو دبانے کے لیے جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے تھے، جن کی حقیقت عدالتوں میں بے نقاب ہو رہی ہے۔






