
خلیج اردو
قاہرہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن کی کوششوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، انہوں نے حقیقت میں امن کے لیے عملی کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں، جنہوں نے پاک بھارت جنگ رکوانے میں اہم کردار ادا کیا اور جنوبی ایشیا میں امن قائم کرکے لاکھوں جانیں بچائیں۔
انہوں نے کہا کہ آج غزہ کے لیے ایک اہم اور تاریخی دن ہے، انتھک محنت کے نتیجے میں وہاں امن قائم ہوا ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ صدر ٹرمپ کو ایک بار پھر نوبل انعام کے لیے نامزد کیا جا رہا ہے، کیونکہ قیامِ امن کے لیے ان کی خدمات غیر معمولی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ قیامِ امن کے لیے ہم سب نے مشترکہ کوششیں کیں، امیرِ قطر اور دیگر دوست ممالک کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مصر پہنچنے پر وزیراعظم نے کہا کہ بہادر اور ثابت قدم فلسطینی عوام ایک آزاد ریاست کے حقدار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کی شاندار قیادت اور غیر متزلزل عزم کے بغیر ہم یہ تاریخی لمحہ نہ دیکھ پاتے۔ ان کی خصوصی توجہ اور جستجو سے ہی قتل و غارت کو روکنا ممکن ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کی تقریب نسل کشی کے ایک باب کے اختتام کی علامت ہے، اور عالمی برادری کو یقینی بنانا چاہیے کہ آئندہ کسی بھی جگہ ایسا المیہ دوبارہ جنم نہ لے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام ایک آزاد فلسطین میں رہنے کا حق رکھتے ہیں، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔







