عالمی خبریں

شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط، صدر ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت 20 عالمی رہنماؤں کی شرکت

خلیج اردو
شرم الشیخ: مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ اس تاریخی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ، مصر، قطر، برطانیہ، فرانس سمیت 20 عالمی رہنماؤں نے دستخط کیے۔ یہ معاہدہ امریکا، ترکیہ، قطر اور مصر کی مشترکہ ثالثی سے طے پایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے، امن معاہدہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ معاہدے کی دستاویز اصول و ضوابط کی وضاحت کرے گی اور اس سے مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن قائم ہوگا۔ ٹرمپ نے تمام شریک ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غزہ جنگ بندی میں حماس کا کردار بھی مثبت رہا جبکہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی ایک طاقتور اور مؤثر رہنما ہیں۔

امریکی صدر نے بتایا کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر بات چیت شروع ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر کارروائی کے بغیر غزہ امن معاہدہ ممکن نہیں تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ “میں نے اپنی زندگی میں بے شمار معاہدے کیے، مگر اب ایران سے بھی ایک معاہدہ کرنا چاہتا ہوں۔ ایران نے غزہ کے امن منصوبے کی حمایت کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ پابندیوں کے باوجود امن عمل میں شامل ہوگا۔”

تقریب کے دوران امریکی صدر نے عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں وزیراعظم شہباز شریف سے گرمجوش مصافحہ بھی شامل تھا۔

بعد ازاں اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ “ہم نے آٹھ ماہ میں آٹھ جنگیں ختم کیں، جن میں غزہ جنگ بھی شامل ہے۔ آج مشرقِ وسطیٰ میں ایک نئے تاریخی دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ ہم ایسا مستقبل بنانے جا رہے ہیں جس پر دنیا فخر کرے گی۔”

انہوں نے کہا کہ دوستی اور تجارت کے نئے دروازے کھلیں گے — تل ابیب سے دبئی، حیفہ سے بیروت، یروشلم سے دمشق، اسرائیل سے مصر، سعودی عرب سے قطر، بھارت سے پاکستان، انڈونیشیا سے عراق، شام سے بحرین، ترکی سے اردن، یو اے ای سے عمان، اور آرمینیا سے آذربائیجان تک — ان تمام خطوں میں امید، مواقع اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا قائم ہوگی۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button