
خلیج اردو
کراچی، 8 جولائی 2025 — معروف اداکارہ اور مارننگ شو کی میزبان نادیہ خان نے ان فنکاروں اور اینکرز کو واضح پیغام دے دیا ہے جو ان پر ذاتی نوعیت کے تبصرے کر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر آئندہ کسی نے ان کی ذات پر حملہ کیا تو وہ قانونی چارہ جوئی سے گریز نہیں کریں گی۔
نادیہ خان کا کہنا تھا کہ ان پر تنقید کرنے والوں میں اداکار فیصل قریشی، ثروت گیلانی، بہروز سبزواری اور یاسر حسین سمیت کئی شخصیات شامل ہیں، جب کہ حال ہی میں سینئر اداکارہ صبا فیصل نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں نادیہ خان اور دیگر میزبانوں پر برہمی ظاہر کی۔
نادیہ خان نے کہا ہے کہ وہ نہ صرف کریمنل ڈیفیمیشن بلکہ سول ڈیفیمیشن اور پیکا قوانین کے تحت بھی قانونی کارروائی کریں گی، تاکہ ایسی حرکتوں کا راستہ روکا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن ذاتی حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ نادیہ خان کے اس اعلان کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ مل رہی ہے اور مداحوں کی جانب سے ان کے مؤقف کی حمایت کی جا رہی ہے۔






