پاکستانی خبریں

صدر زرداری کو ہٹانے کا کوئی امکان نہیں، ان کی شخصیت سیاست میں توازن پیدا کرتی ہے: خواجہ آصف

خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو عہدے سے ہٹانے کا کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا اور نہ ہی اس کا دور دور تک کوئی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سو فیصد صدر زرداری کے حق میں ہیں کیونکہ ان کی شخصیت سیاست میں توازن کی علامت ہے۔

نجی ٹی وی چینل اے بی این نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ صدر زرداری کا کردار ملکی سیاست میں اہم اور مصالحتی نوعیت کا ہے، اور موجودہ حالات میں ان کی موجودگی ایک مثبت تاثر قائم کر رہی ہے۔

وزیر دفاع نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی بانی پی ٹی آئی سے کسی بھی ملاقات کے امکان کو بھی یکسر مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی خبروں کی کوئی بنیاد نہیں، جن ذرائع نے یہ خبریں پھیلائیں، انہوں نے خود ہی اپنی خبر ڈیلیٹ کر دی ہے۔

اسمبلی کی مدت بڑھانے کے سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی آئینی ترمیم زیر غور نہیں، تاہم اگر مستقبل میں کسی آئینی ترمیم کی ضرورت پیش آئی تو اس کے لیے آئینی طریقہ کار کے مطابق عمل کیا جائے گا۔

ان کا یہ بیان ان افواہوں کی تردید کرتا ہے جو حالیہ دنوں میں صدر مملکت کے کردار اور سیاسی ملاقاتوں سے متعلق منظر عام پر آئی تھیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button