
خلیج اردو
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے بعض سیاسی رہنماؤں کے حالیہ الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن تمام فیصلے آئین اور قانون کے مطابق کرتا ہے اور کسی بھی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہیں لاتا۔
ترجمان کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی سمیت دیگر سیاسی شخصیات اور وزرائے اعلیٰ سے ملاقاتیں ادارے کے معمول کا حصہ ہیں، اور سیاستدانوں کا الیکشن کمیشن سے رابطہ کسی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں۔
ترجمان نے حامد رضا کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ انہیں آزاد امیدوار کے طور پر مینار کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا تھا، اور چونکہ ان کا کوئی باضابطہ اتحاد رجسٹرڈ نہیں تھا، اس لیے مشترکہ ٹکٹ جاری کرنا ممکن نہیں تھا۔
خواتین کی مخصوص نشستوں سے متعلق ترجمان نے کہا کہ اگر کسی جماعت نے خواتین امیدواروں کی نامزدگی نہیں کی تو مخصوص نشستوں کی لسٹ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ تمام فیصلے شفافیت، غیر جانبداری اور قانونی تقاضوں کے مطابق کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کا جمہوری عمل پر اعتماد برقرار رہے۔






