
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے مصنوعی ذہانت میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنا پہلا چیٹ جی پی ٹی تیار کر لیا ہے۔ اسلام آباد کے اسکولوں میں مصنوعی ذہانت کی کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جا سکے۔
وزیر مملکت برائے آئی ٹی کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے فروغ سے طلبہ کی صلاحیتیں مزید نکھریں گی اور دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید علوم میں مہارت حاصل کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مصنوعی ذہانت مزید ترقی کرتی گئی تو کئی شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی اور ملک کو اقتصادی و تکنیکی میدان میں بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے۔
شزہ فاطمہ نے مزید کہا کہ اسٹارٹ اپس میں کام کرنے والے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کی مہارت درکار ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔






