
خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی جتنی مدد ہو سکے گی، کی جائے گی کیونکہ یہ صرف افواج کی نہیں بلکہ پاکستان کی ضرورت ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے تمام اہداف پورے کیے، اور اس کا کیس آئی ایم ایف بورڈ میں مکمل میرٹ پر ڈسکس ہوا، اگرچہ کچھ عناصر نے قرض پروگرام کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی معیشت کا 400 ارب ڈالر تک پہنچنا ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس میں کمی اور ریلیف کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو جلد مکمل کرنے کیلئے سرگرم ہے اور "رائٹ سائزنگ” کا عمل جاری ہے تاکہ حکومتی اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات جاری ہیں، اور ایف بی آر میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے انسانی مداخلت کو کم کیا جا رہا ہے تاکہ بدعنوانی کا خاتمہ ہو اور ٹیکس وصولی بہتر ہو۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت طویل المدتی اصلاحات کیلئے پرعزم ہے، خاص طور پر تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا پاکستان کی معاشی بہتری کی معترف ہے اور موجودہ رفتار سے حیران ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت میکرواکنامک استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، جبکہ پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، جس سے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئی ہے۔






