
خلیج اردو
اسلام آباد:پیپلز پارٹی نے کینالز کے معاملے پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ رہنما پیپلز پارٹی ندیم افضل چن نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ پنجاب کے نہیں، ضیاء الحق کے وارث ہیں۔” انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی کسان کو زمین نہیں دی گئی بلکہ الٹا سرکاری زمینیں فروخت کی گئیں۔
ندیم افضل چن نے الزام عائد کیا کہ حکمرانوں نے پنجاب میں رہتے ہوئے کبھی صوبے کا مقدمہ نہیں لڑا، اور اثاثے بنانے کے بجائے فروخت کیے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم آپ کے اتحادی نہیں، سسٹم کے اتحادی ہیں، ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں۔” انہوں نے مناظرے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ "آپ اگر مناظرہ کرنا چاہتے ہیں تو ہم تیار ہیں۔”
گندم کی کاشت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "آج گندم کی مثالی کاشت ہوئی ہے، آپ کسانوں سے کیا گندم خریدیں گے، پہلے پچھلے گندم اسکینڈل کی انکوائری رپورٹ تو جاری کریں۔”
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری منظور نے سندھ کے پانی کی تقسیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "سندھ کا پانی اٹھا کر کسی اور کو دے دینا ہم ہرگز قبول نہیں کریں گے۔” انہوں نے صدر مملکت کے حوالے سے افواہوں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "صدر سے جھوٹ منسوب کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے کینال کی منظوری دی، صدر کا اختیار صرف بل اور آرڈیننس کی منظوری تک محدود ہے، منصوبے منظور کرنا ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔