پاکستانی خبریں

آزادی مارچ مقدمات: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ اگلی سماعت میں متوقع

خلیج اردو
اسلام آباد – ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور دیگر کے خلاف آزادی مارچ کے دو مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کو نمٹانے کا عندیہ دے دیا۔

وکلائے صفائی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایف آئی آر میں کردار صرف دفعہ 109 تک محدود ہے، جبکہ وہ دیگر دو مقدمات میں پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کیس میں بریت کی درخواست ڈیڑھ سال سے التواء کا شکار ہے۔

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیے کہ کوشش کی جائے گی کہ آئندہ سماعت میں اس کیس کو نمٹا دیا جائے۔ عدالت نے سماعت 26 مئی تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف آزادی مارچ کے دو مقدمات تھانہ کوہسار اسلام آباد میں درج ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button