
خلیج اردو
دوحہ: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دوحہ میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
امیرِ قطر نے کہا کہ قطر کو پاکستان اور اس کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قطر میں پاکستانیوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا۔
صدر زرداری نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور امیرِ قطر کی بصیرت افروز قیادت اور ملک کی ترقی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
امیرِ قطر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور بروقت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے جو بیک وقت چین، مغرب اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات رکھتا ہے۔
صدر آصف زرداری نے دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی، جس پر امیرِ قطر نے مکمل رضامندی ظاہر کی اور متعلقہ حکام کو فوری رابطوں کی ہدایت دی۔
صدر زرداری نے قطر کے افغانستان سے متعلق کردار اور دوحہ مذاکرات کی میزبانی کو سراہا، جبکہ امیرِ قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان اپنے موجودہ مسائل حل کرکے علاقائی چیلنجز کو پسِ پشت ڈال دیں گے۔
امیرِ قطر نے صدرِ پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کے دورے کا اعلان کیا۔ ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔






