خلیج اردو: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت شہریوں کے لئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہوا. اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے. انہوں نے تاکید کی کہ عام شہریوں کو انکے گھر کی دہلیز پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ ہر شہری کو اس حوالے سے یکساں سہولیات میسر ہوں. اس تناظر میں وزیراعظم نے نادرا کی وینز کی تعداد بڑھائی فوری بڑھانے کے احکامات بھی دیے.
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری اور بچت کو سامنے رکھتے ہوئے نادرا مراکز میں پاسپورٹ کے کاؤنٹرز قائم کئے جائیں. انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نادرا اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس دفتر کی جگہ اور وسائل شئیر کریں تا کہ قومی خزانے پر کم سے کم بوجھ پڑے.
وزیراعظم نے احکامات دیے کہ پاسپورٹ دفاتر کے قیام کےجتنے بھی منصوبے منظور ہو چکے ہیں وہ نادرا کے پہلے سے موجود دفاتر میں قائم ہوں.
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صارفین کی سہولت کے لئے نادرا ایک نئی موبائل فون ایپلیکیشن شروع کرنے جا رہا ہے جس کے ذریعے گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی تجدید ہو سکے گی.
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار, وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ , وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین, چیئرمین نادرا , ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی.