
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی محکمہ خارجہ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور امریکی وفد کو پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے معدنی شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں، اور امریکی کمپنیوں کو ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی وفد کے رکن ایرک میئر نے پاکستان منرلز فورم کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان سے اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، اور امریکی کمپنیاں پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ امور پر تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ملاقات کے اختتام پر یہ واضح کیا گیا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مزید تعاون کی ضرورت ہے۔







