
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر مملکت داخلہ امور طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات جیل حکام یا عدالت کے فیصلے کے مطابق ہو گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا سڑکیں بند کرنے سے ملاقات ممکن ہے؟
طلال چوہدری نے بتایا کہ بانی کے بیٹوں کے ویزے 24 گھنٹوں کے اندر جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور کسی کو مجبور نہیں کیا جائے گا۔ دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر مملکت نے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے رجحانات کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ دہشت گرد سوشل میڈیا اور غیر رجسٹرڈ وی پی این کا استعمال رابطہ کاری کے لیے کر رہے ہیں۔ حکومت سوشل میڈیا پر دہشت گردوں کی رابطہ کاری روکنے کے لیے مربوط نظام لا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں دن بدن دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے اور حالیہ اسلام آباد کچہری دھماکوں کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔
علاوہ ازیں، طلال چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن پیشی کے بعد ان کے بھائی بلال چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔






