راولپنڈی: پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کیا ہے جس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلہ سے 6 دہشتگرد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔ دوران آپریشن پاک فوج کا ایک سپاہی وطن پر قربان ہوا ہے۔
افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں،ہلاک دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں، معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے،
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے سپاہی عبدالحکیم جام شہادت نوش کر گئے۔سپاہی عبدالحکیم کی عمر 33 سال، تعلق ضلع نصیر آباد سے تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دیگر دہشتگرد کی تلاش اور خاتمے کے لیے آپریشن بدستور جاری ہے۔مقامی آبادی نے دہشتگردی کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔