
خلیج اردو
اسلام آباد:وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ کاروباری طبقے کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے، اور ریاست اپنے اس فرض سے کسی صورت غافل نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی فوڈ چین پر حملے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے بتایا کہ اسلام آباد میں پیش آنے والے دو واقعات میں ملوث 15 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ پنجاب میں تشدد کے واقعات میں ملوث 142 افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار شدگان اپنے اقدام پر شرمندہ ہیں اور معافی کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے ان افسوسناک واقعات سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے کاروباری افراد ہمارے سر کا تاج ہیں، ان پر حملے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔






