خلیج اردو: پاکستان اور آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان وفد کی قیادت وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور آئی ایم ایف وفد کی قیادت مشن چیف ناتھن پورٹر نے کی۔
پاکستانی وفد میں وزیرمملکت عائشہ غوث پاشا،سیکرٹری خزانہ،گورنراسٹیٹ بینک،چیئرمین ایف بی آر ، وزیراعظم کے معاونین طارق باجوہ اور طارق پاشا شریک ہوئے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف وفد سے ملاقات میں معاشی اور مالی پالیسیوں کا جائزہ لیا گیا جب کہ نویں جائزے کو مکمل کرنے کے لیے اصلاحات پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کو معاشی پالیسیوں اور مختلف شعبوں میں اصلاحات کے بارےمیں آگاہ کیا، مالی خسارہ پورا کرنے کے لیے کرنسی کی شرح تبادلہ اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کےبارےمیں آگاہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کی ملاقات میں مالی خسارہ پورا کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی جب کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرض ختم کرنےکے لیے اصلاحات اور اعلیٰ سطح کی کمیٹی کےقیام پر بات چیت کی گئی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرنا چاہتا ہے اور پاکستان نویں جائزے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر نے کہا کہ پرامید ہوں پاکستان نویں جائزے کو مکمل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا، امید ہے پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ مختلف شعبوں میں بر وقت اصلاحات کرے گا۔