اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جنوری 2021ء) حکومت پاکستان نے کورونا ویکسین کی فراہمی کیلئے بڑا اعلان کردیا ہے، وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کوویکس کا ویکسین فراہمی کا خط موصول ہوا ہے،فروری میں ویکسین ڈوززملنا شروع ہو گی، 60 لاکھ ویکسین کی خوراکیں مارچ جبکہ تمام ایک کروڑ 70لاکھ ڈوزز جون 2021ء کے وسط تک مل جائیں گی۔
انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کوویکس کا ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین ڈوزز کا خط موصول ہوا ہے، جس میں 60 لاکھ ویکسین کی خوراکیں مارچ تک مل جائیں گی، جبکہ تمام 1.7 ملین ڈوزز جون 2021ء کے وسط تک مل جائیں گی۔کورونا ویکسین کی ڈوززفروری میں ملنا شروع ہوجائیں گی،کوویکس سے ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا معاہدہ 8مہینے پہلے کیا گیا تھا۔
اسی طرح انٹرنیشنل پریس ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس سے بچاﺅ کی ویکسین کی پہلی کھیپ لینے طیارہ کل چین روانہ ہوگا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس جس میں کورونا سے بچاﺅ کی ویکسین لگانے کے انتظامات کی حکمت عملی پر غورکیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا سے بچاﺅ کی ویکسین کی پہلی کھیپ لینے طیارہ کل چین روانہ ہو گا جبکہ ویکسین کی اسٹوریج کے لیے اسلام آباد میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں.
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد سے کورونا سے بچاﺅ ویکسین صوبوں تک پہنچائی جائے گی جبکہ سندھ اور بلوچستان کو بذریعہ جہاز ویکسین پہنچائی جائے گی ویکسین کی اسٹوریج اور عوام کو فراہمی کے اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے. کورونا سے بچاﺅ کی ویکسین اسلام آباد میں اسٹور کی جائے گی اور ویکسین سینٹر اسلام آباد میں قائم کر دیا گیا ہے صوبائی دارلحکومتوں اور اضلاع میں بھی ویکسین اسٹوریج سینٹر بنا دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ چین نے کورونا وائرس سے بچاﺅکے لیے و یکسین کی لاکھوں خوراکیں تیار کرلی ہیں اور شینجن ایئرپورٹ پر ویکیسن کی ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھرپور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ آرڈر ملتے ہی ویکسین روانہ کر دی جائے گی چین کے شینجن ایئرپورٹ پر محفوط انداز میں کورونا وائرس کی ویکیسن کی دیگر ممالک کو ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔






