متحدہ عرب امارات

جی ٹی اے 6 بچوں کے لیے نہیں؟ یو اے ای کے سکولوں کا والدین کو انتباہ، گیم کھیلنے کے لیے کلاسیں چھوڑنے کا خدشہ

خلیج اردو
دنیا بھر میں نوجوانوں کی توجہ حاصل کرنے والی مشہور ویڈیو گیم ’’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘‘ (جی ٹی اے 6) کی ریلیز سے پہلے متحدہ عرب امارات کے سکولوں اور متعلقہ حکام نے والدین کو خبردار کردیا ہے کہ یہ گیم بچوں کے لیے موزوں نہیں، کیونکہ اس میں تشدد، منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں جیسے بالغ موضوعات شامل ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی نے ہفتے 21 نومبر کو جاری انتباہ میں کہا کہ گیم میں منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق مناظر بچوں اور نوجوانوں کی سوچ، آگاہی اور رویوں پر منفی اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔

اتھارٹی نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی جانب سے کھیلی جانے والی ویڈیو گیمز پر توجہ دیں، ان کی عمر سے متعلق درجہ بندی ضرور چیک کریں اور بچوں کو ایسے مواد کے ممکنہ نقصانات سے آگاہ کریں جو خطرناک یا غیر قانونی رویوں کو معمول کی بات بنا کر پیش کرسکتا ہے۔

یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر والدین اور شہریوں کے درمیان جی ٹی اے 6 کے مواد اور بچوں پر اس کے اثرات سے متعلق بحث جاری ہے۔ متحدہ عرب امارات کے بعض سکولوں نے بھی خاندانوں کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مقبولیت کے باوجود یہ گیم بچوں کے لیے تیار نہیں کی گئی۔

تعلیمی ماہرین کے مطابق بچپن اور نوجوانی کے ابتدائی برسوں میں تشدد، منشیات اور دیگر بالغ موضوعات پر مشتمل مواد بار بار دیکھنے سے بچوں کے رویوں اور درست و غلط کے بارے میں ان کی سوچ متاثر ہوسکتی ہے، خصوصاً اس وقت جب وہ ورچوئل تفریح اور حقیقی زندگی کے نتائج میں فرق کرنا سیکھ رہے ہوتے ہیں۔

وڈلم ایجوکیشن کے بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر نوفل احمد نے کہا کہ بچوں کو ان کی عمر سے ناموزوں مواد تک رسائی سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے سکولوں کے تحفظات درست ہیں۔ ان کے مطابق منشیات اور تشدد جیسے موضوعات سے بار بار واسطہ پڑنے پر بچوں کے ذہن میں یہ تاثر پیدا ہوسکتا ہے کہ ایسے رویے قابل قبول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی تربیت کے ابتدائی مراحل میں وہ ہمیشہ ورچوئل تفریح اور حقیقی زندگی کے نتائج کے درمیان فرق نہیں کرپاتے، اس لیے عمر کے مطابق ڈیجیٹل مواد تک رسائی اور والدین کی رہنمائی انتہائی اہم ہے۔

نوفل احمد کے مطابق بچوں کو آن لائن محفوظ رکھنے کے لیے صرف پابندیاں لگانا کافی نہیں بلکہ والدین اور سکولوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ والدین کو بچوں کی گیمز، ان کی عمر سے متعلق درجہ بندی اور سکرین ٹائم پر نظر رکھنی چاہیے، جبکہ سکولوں کو بھی طلبہ میں ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق شعور پیدا کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو محض یہ بتانا کافی نہیں کہ وہ کون سا مواد دیکھ سکتے ہیں اور کون سا نہیں، بلکہ انہیں یہ سمجھانا بھی ضروری ہے کہ بعض مواد ان کی عمر کے لیے کیوں نامناسب ہے اور ڈیجیٹل دنیا میں ذمہ دارانہ فیصلے کیسے کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکول کلاس روم میں گفتگو، طلبہ کی فلاح و بہبود کے پروگرامز اور ڈیجیٹل شہریت سے متعلق سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کو آن لائن دیکھے جانے والے مواد پر سوال اٹھانے اور نقصان دہ رویوں کے نتائج سمجھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

جی ٹی اے 6 کے لیے سکول چھوڑنے کا خدشہ، والدین کو پہلے ہی ای میل

متحدہ عرب امارات کے بعض سکولوں نے گیم کی ریلیز سے پہلے ہی والدین سے رابطہ شروع کردیا ہے۔ ان کے خدشات صرف گیم میں موجود بالغ موضوعات تک محدود نہیں بلکہ یہ بھی ہے کہ بعض طلبہ اسے کھیلنے کے لیے سکول سے غیر حاضر ہوسکتے ہیں۔

ابوظہبی کے برٹش انٹرنیشنل سکول کی ڈپٹی ہیڈ آف سیکنڈری اسٹیفنی واٹسن نے بتایا کہ سکول نے گیم کی ریلیز سے پہلے تمام والدین کو ای میل بھیجی تھی، کیونکہ طلبہ میں گیم کھیلنے کے لیے سکول نہ آنے کے رجحان سے متعلق خدشات سامنے آرہے تھے۔

ان کے مطابق سکول نے والدین کو صرف گیم کے ناموزوں مواد سے آگاہ کرنا ضروری نہیں سمجھا بلکہ حاضری پر اس کے ممکنہ اثرات کی طرف بھی توجہ دلائی۔

اسٹیفنی واٹسن نے کہا کہ سکول کو والدین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا اور متعدد خاندانوں نے بروقت آگاہ کرنے اور پیشگی اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سکول کا مقصد محض بچوں کو یہ بتانا نہیں کہ وہ کیا کھیل سکتے ہیں اور کیا نہیں، بلکہ انہیں اپنے فیصلوں کے نتائج سمجھنے اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کے قابل بنانا ہے۔

ان کے مطابق سکول کے پرسنل، سوشل اینڈ مورل ایجوکیشن (پی ایس ایم ای) اور سائنس کے نصاب میں طلبہ کو خطرات کا جائزہ لینے، باخبر فیصلے کرنے اور اپنے اعمال کے خود پر اور دوسروں پر پڑنے والے اثرات سمجھنے کی تربیت دی جاتی ہے۔

سکول میں نامناسب آن لائن مواد تک رسائی محدود کرنے کے لیے فلٹرنگ اور نگرانی کا نظام بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل چارٹر کے ذریعے ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے اصول طے کیے گئے ہیں، جبکہ طلبہ، عملے اور والدین کو باقاعدگی سے رہنمائی اور تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

بچوں کو گیمز سے روکنا کافی نہیں، درست اور غلط کی پہچان ضروری

تعلیمی ماہرین کے مطابق اصل تشویش ویڈیو گیمز کھیلنے سے نہیں بلکہ اس بات سے متعلق ہے کہ کیا بچوں میں بالغوں کے لیے تیار کردہ مواد کو سمجھنے اور اس کے اثرات کا درست اندازہ لگانے کی صلاحیت موجود ہے یا نہیں۔

اسٹیفنی واٹسن کا کہنا تھا کہ والدین اور سکولوں کو مل کر بچوں میں عمر کی مناسبت سے مواد کے انتخاب اور ڈیجیٹل دنیا میں ذمہ دارانہ فیصلے کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سکول کا مقصد غیر ضروری خوف پیدا کرنا یا بچوں کو گیمز کھیلنے سے مکمل طور پر روکنا نہیں، بلکہ انہیں یہ سمجھانا ہے کہ ہر تفریحی مواد ان کی عمر کے لیے موزوں نہیں ہوتا اور آن لائن سرگرمیوں کے حقیقی زندگی پر بھی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

ان کے مطابق بچوں کو صرف پابندیوں کی نہیں بلکہ علم، اعتماد اور تنقیدی سوچ کی ضرورت ہے تاکہ وہ انٹرنیٹ اور حقیقی زندگی دونوں میں محفوظ اور باخبر فیصلے کرسکیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button