
خلیج اردو
23 مئی 2021
لاہور : پاکستان میں سب سے بڑے صوبے پنجاب میں حکومت نے مزدور کی کم سے کم اجرت 20 ہزار روپے کردی ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے ہم نے اڑھائی سال میں ورکر کی کم از کم اجرت میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت محکمہ محنت کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے انڈسٹریل ورکرز کیلئے ہاسٹلزکے قیام کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشنز اور پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈز کو اسمارٹ آرگنائزیشن بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں ورکر کی کم ازکم اجرت 20ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ ہماری حکومت نے اڑھائی سال میں ورکر کی کم ازکم اجرت میں 5 ہزار روپے اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے لاہور میں لیبر کیلئے 720 فلیٹس کے پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چائلڈلیبر کے خاتمے کیلئے پائیدار اقدامات کیے جائیں جبکہ میرج گرانٹ ایک لاکھ سے بڑھا کردو لاکھ روپے کی گئی ہے اور ڈیتھ گرانٹ 5لاکھ روپے سے بڑھا کر6 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔
Source : Khaleej Times







