
خلیج اردو
ابوظبی نے بھارتی سیاحوں کے لیے نئی سیاحتی اسکیم کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت بھارت سے سفر کرنے والے بھارتی پاسپورٹ ہولڈرز کم از کم تین راتوں کی ابوظبی میں چھٹیوں کی بکنگ پر یو اے ای کا انٹری ویزا مفت حاصل کرسکیں گے۔
محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظبی کے مطابق یہ پروگرام یکم اگست سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا اور ابتدائی طور پر 20 ہزار تک ویزے اس اسکیم میں شامل کیے جائیں گے۔
اس اسکیم کے تحت اہل مسافروں کی جانب سے مقررہ ٹریول پارٹنرز یا آن لائن ٹریول ایجنسیز کے ذریعے کی گئی بکنگ پر یو اے ای انٹری ویزا کی مکمل فیس محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظبی برداشت کرے گا۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافر کا بھارتی پاسپورٹ ہولڈر ہونا اور بھارت سے روانہ ہونا ضروری ہے۔
مسافر کو کسی شریک ٹریول پارٹنر یا آن لائن ٹریول ایجنسی کے ذریعے بکنگ کرانی ہوگی، ابوظبی کے کسی ہوٹل میں کم از کم مسلسل تین راتیں قیام کرنا ہوگا اور بھارت واپسی کی پرواز بھی بک کرانا ہوگی۔
شرکت کرنے والی ٹریول کمپنیاں ویزا پراسیسنگ کے لیے دو طریقوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکیں گی۔ وہ محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظبی کی جانب سے مقرر کردہ ڈیسٹینیشن مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے ویزا پراسیس کراسکتی ہیں، جس صورت میں ویزا فیس محکمہ براہ راست ادا کرے گا۔
دوسرے طریقے میں ٹریول پارٹنرز اپنی موجودہ ڈیسٹینیشن مینجمنٹ کمپنیوں کے ساتھ کام جاری رکھ سکتے ہیں اور اس صورت میں محکمہ ہر جاری کیے گئے ویزے پر 285 درہم کی رقم واپس کرے گا۔
محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظبی کے مطابق تین ماہ پر مشتمل اس پائلٹ پروگرام کے دوران ابتدائی طور پر 20 ہزار تک ویزے جاری کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بھارت ابوظبی کے لیے اہم ترین عالمی سیاحتی مارکیٹوں میں شامل ہے اور یہ اقدام بھارت کے ساتھ سیاحتی روابط مضبوط کرنے، فضائی رابطوں کو فروغ دینے اور بھارتی سیاحوں کے لیے ابوظبی کو مزید قابل رسائی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظبی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل آپریشنز عبداللہ یوسف نے کہا کہ بھارتی سیاح ابوظبی کی ثقافت، تفریح، مہمان نوازی اور قدرتی مقامات کو زیادہ وقت دے کر دیکھ سکیں گے۔







