متحدہ عرب امارات

شیخ زاید روڈ پر سفر مزید آسان، دبئی مال میٹرو اسٹیشن کے قریب نئی لین کا اضافہ، رش کے اوقات میں سفر 10 فیصد کم ہوگا

خلیج اردو
دبئی میں شیخ زاید روڈ پر ابوظبی سے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر جانے والے موٹرسائیکل سواروں اور ڈرائیورز کے لیے سفر مزید آسان ہوگیا ہے۔ دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے سڑک کی توسیع کا اہم منصوبہ مکمل کرلیا ہے۔

منصوبے کے تحت برج خلیفہ اور دبئی مال میٹرو اسٹیشن کے قریب شیخ زاید روڈ کے 2 کلومیٹر حصے کو وسیع کیا گیا ہے اور لینز کی تعداد 6 سے بڑھا کر 7 کردی گئی ہے۔

آر ٹی اے کے مطابق نئی لین کے اضافے سے سڑک کی گنجائش میں 17 فیصد اضافہ ہوگا جبکہ رش کے اوقات میں سفر کا دورانیہ 10 فیصد تک کم ہوجائے گا۔

یہ منصوبہ دبئی کی مصروف ترین شاہراہوں میں شامل شیخ زاید روڈ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے جاری وسیع منصوبوں کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد ٹریفک کے دباؤ میں کمی، اطراف کے روڈ نیٹ ورک سے رابطے بہتر بنانا اور دبئی کی بڑھتی ہوئی ٹرانسپورٹ ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

توسیع شدہ سڑک روزانہ ہزاروں مسافروں کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر، دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر، میوزیم آف دی فیوچر، الکرامہ، الجافلیہ اور المنخول جیسے اہم کاروباری اور سیاحتی مراکز تک رسائی فراہم کرے گی۔

آر ٹی اے کے مطابق دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں بڑے نمائشوں اور عالمی تقریبات کے دوران بھی اس منصوبے سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور تجارتی مراکز و رہائشی علاقوں کے درمیان سفر مزید آسان ہوگا۔

یہ اپ گریڈ ورلڈ ٹریڈ سینٹر راؤنڈ اباؤٹ ڈیولپمنٹ منصوبے کے تحت حال ہی میں کھولے گئے دوسرے درجے کے پل کے بعد سامنے آیا ہے۔

ایک ہزار میٹر طویل دو لین پل پر فی گھنٹہ 3 ہزار گاڑیوں کی گنجائش ہے۔ یہ پل شیخ زاید روڈ سے شیخ خلیفہ بن زاید اسٹریٹ کی جانب الکرامہ اور دیرہ جانے والے ٹریفک کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

آر ٹی اے کے مطابق پل کی تعمیر کے بعد اس روٹ پر سفر کا دورانیہ 6 منٹ سے کم ہو کر صرف ایک منٹ رہ گیا ہے جبکہ مصروف ورلڈ ٹریڈ سینٹر راؤنڈ اباؤٹ پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوا ہے۔

سڑک کی توسیع اور پل کا منصوبہ دبئی میں روڈ انفراسٹرکچر کو مزید وسعت دینے، آمدورفت بہتر بنانے اور شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی و معاشی سرگرمیوں کے مطابق ٹرانسپورٹ نظام کو ترقی دینے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button