متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات نے ایوی ایشن، توانائی اور تعلیم کے شعبوں پر جدید سائبر حملے ناکام بنا دیے

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی سائبر سکیورٹی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے قومی سائبر سکیورٹی نظام نے ایوی ایشن، توانائی اور تعلیم کے شعبوں کو نشانہ بنانے والے جدید اور منظم سائبر حملوں کا بروقت سراغ لگا کر انہیں ناکام بنا دیا۔

حکام کے مطابق سائبر حملوں میں متعدد طریقہ کار اور تکنیکس استعمال کی گئیں جن میں ڈیجیٹل سسٹمز اور انفراسٹرکچر میں داخل ہونے کی کوششیں، صارف اکاؤنٹس اور آپریشنل ڈیٹا کو نشانہ بنانا اور ٹارگٹڈ فشنگ مہمات شامل تھیں۔

حملہ آوروں نے صارفین کو بھی اپنے اہداف تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بطور انٹری پوائنٹ استعمال کرنے کی کوشش کی۔

سائبر سکیورٹی کونسل کے مطابق قومی مانیٹرنگ اور رسپانس سسٹم نے حملوں کے دوران اپنی اعلیٰ ترین سطح کی تیاری برقرار رکھی۔ حملوں کا سراغ ملتے ہی فوری کارروائی کی گئی اور بیک وقت سسٹمز کو محفوظ بنانے اور خطرے کو محدود کرنے کے اقدامات کیے گئے۔

حکام کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث حملہ آور اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوسکے اور متاثرہ شعبوں کے اہم نظام اور خدمات بھی متاثر ہونے سے محفوظ رہے۔

قومی سائبر سکیورٹی ٹیموں نے حملوں کا سراغ لگایا، ان کے راستوں اور ممکنہ خطرے کی علامات کی نگرانی کی اور خطرات کو ختم کرنے اور مزید پھیلاؤ روکنے کے لیے ضروری تکنیکی اقدامات کیے۔

سائبر سکیورٹی کونسل نے کہا کہ تمام حملوں سے فعال اور فوری انداز میں نمٹا گیا اور اہم نظاموں اور خدمات کے تسلسل کو برقرار رکھا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button