
خلیج اردو
ابوظہبی: ابوظہبی سول ڈیفنس اتھارٹی اور ایمرٹس گلوبل ایلومینیم (ای جی اے) کے درمیان فائر سیفٹی کے طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور الطویلہ انڈسٹریل ایریا میں ایمرجنسی رسپانس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تعاون کا معاہدہ طے پایا ہے۔
یہ معاہدہ دونوں اداروں کے درمیان طویل المدتی شراکت داری پر مبنی ہے اور اس کے تحت مشترکہ تربیت، تکنیکی معلومات کے تبادلے، اور فائر سیفٹی و ایمرجنسی رسپانس کے اعلیٰ بین الاقوامی معیارات اپنانے کے لیے ایک جامع فریم ورک قائم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر بریگیڈیئر سالم عبداللہ بن بارک الظاہری نے کہا کہ یہ معاہدہ سرکاری و صنعتی شعبوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرٹس گلوبل ایلومینیم کے ساتھ تعاون، بطور ایک قومی سطح کی نمایاں صنعتی کمپنی، سول ڈیفنس اتھارٹی کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے جو محفوظ ماحول کے فروغ اور ہنگامی صورتحال میں مؤثر ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
کرنل ڈاکٹر فیصل حسن القحطانی، قائم مقام ڈائریکٹر سول پروٹیکشن سیکٹر، نے کہا کہ یہ معاہدہ صنعتی شعبے کی کسی نمایاں کمپنی کے ساتھ اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے، جو ہنگامی ردعمل کی کارکردگی کو بڑھانے اور آپریشنل تیاریوں کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق مضبوط بنانے کے لیے ایک ماڈل کے طور پر کام کرے گا۔
ایمرٹس گلوبل ایلومینیم کے سی ای او عبدالناصر بن کلبان نے کہا کہ "ای جی اے کئی دہائیوں سے اپنے مقامات پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی فائر اینڈ ریسکیو سروس برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ہم ہمیشہ بہتری کے خواہاں ہیں، اور ابوظہبی سول ڈیفنس کے ساتھ بہترین تجربات کے تبادلے کے ذریعے ہم اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ دوسروں کے لیے بھی سیکھنے کا موقع فراہم کریں گے۔”
ای جی اے ملک کے صنعتی شعبے میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس کے حوالے سے ایک مثالی ادارہ سمجھا جاتا ہے۔ کمپنی کے الطویلہ اور جبل علی دونوں مقامات پر مکمل طور پر لیس فائر اسٹیشن موجود ہیں، جن میں 72 ماہر فائرفائٹرز، بشمول 4 خواتین شامل ہیں، جو چوبیس گھنٹے ایمرجنسی کالز کے لیے تیار رہتے ہیں اور پانچ منٹ سے کم وقت میں رسپانس فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ معاہدہ دونوں اداروں کے درمیان جاری تعاون کو مزید مستحکم کرتا ہے اور ابوظہبی میں عوامی تحفظ اور فائر پریوینشن کے نظام کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو تقویت دیتا ہے، جو محفوظ اور پائیدار صنعتی ماحول کی تعمیر کے لیے قیادت کے وژن کے عین مطابق ہے۔







