متحدہ عرب امارات

ابوظبی میں ‘کورل گارڈن’ منصوبہ: 40 ہزار مصنوعی ریفس سے سمندری ماحولیاتی نظام کی بحالی کا آغاز

خلیج اردو
ابوظبہی: ابوظبی نے مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے کورل گارڈن منصوبے کا آغاز کرتے ہوئے سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور بحالی کی جانب ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔
یہ منصوبہ "ابوظبی کورل گارڈنز” کے نام سے 2025 سے 2030 تک جاری رہے گا، جس کے تحت 1,200 مربع کلومیٹر ساحلی و گہرے پانیوں میں 40,000 ماحول دوست مصنوعی مرجان (کورلز) نصب کیے جائیں گے۔

یہ مصنوعی ریفس ان مقامات پر نصب کیے جائیں گے جہاں قدرتی کورل ریفس یا سمندری گھاس موجود نہیں، تاکہ وہاں سمندری حیات کو سہارا فراہم کیا جا سکے۔
منصوبے کا مقصد مرجان کی افزائش، مقامی مچھلیوں کی تولید، اور سمندری ماحولیاتی نظام کی دوبارہ بحالی ہے۔
یہ اقدام ماحولیات ایجنسی – ابوظبی (EAD) کی جانب سے شروع کیا گیا ہے، جو جدید اور قدرتی حل کے ذریعے حیاتیاتی تنوع کے فروغ پر کام کر رہی ہے۔

شیخ حمدان بن زاید آل نہیان، حکمران کے نمائندے برائے علاقہ الظفرہ اور ای اے ڈی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین نے اس منصوبے کو ماحولیاتی تحفظ، ماہی گیری کے وسائل میں بہتری اور ترقی و تحفظ میں توازن قائم کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔

ای اے ڈی کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر شیخہ سالم الظاہری نے بتایا کہ یہ منصوبہ قدرتی وسائل پر مبنی پائیدار حل کی اماراتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام نہ صرف سمندری مسکن بہتر کرے گا بلکہ خوراک کے تحفظ، ماحولیاتی سیاحت اور غوطہ خوری کے شعبے کو بھی فروغ دے گا۔

ایجنسی کے مطابق مصنوعی ریفس قدرتی ریفس کے مقابلے میں تین گنا زیادہ سمندری حیات کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں، جس سے سالانہ 5 ملین کلوگرام سے زائد مچھلی پیدا کی جا رہی ہے اور ساحلی علاقوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی بہتر صلاحیت حاصل ہو رہی ہے۔

ابوظبی خطے میں مصنوعی ساحلی حل کے تحقیقی و عملی اقدامات میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے، جہاں 30 سمندری مقامات پر سات ماحول دوست ڈیزائنز پر تجرباتی مطالعے جاری ہیں، جو عالمی سطح پر سمندری تحفظ میں اس کے کردار کو مستحکم بناتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button