متحدہ عرب امارات

شارجہ میں بیمار یا معذور بچوں کی ماؤں کے لیے ایک نئی قسم کی چھٹی یا رخصت کی منظوری

خلیج اردو
حکومتِ شارجہ نے نومولود بیمار یا معذور بچوں کی ماؤں کے لیے ایک نئی اور خصوصی رخصت کا اعلان کیا ہے جسے ‘نگہداشت رخصت’ کیئر لیو کا نام دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا اعلان شارجہ ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین عبداللہ ابراہیم الزعابی نے ریڈیو پروگرام "ڈائریکٹ لائن” میں کیا۔

یہ رخصت مروجہ زچگی رخصت مکمل ہونے کے بعد شروع ہوتی ہے اور سالانہ بنیاد پر تین سال تک بڑھائی جا سکتی ہے۔
یہ اقدام سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کی ہدایت پر کیا گیا ہے تاکہ ان خواتین کی معاونت کی جا سکے جن کے نوزائیدہ بچے طبی پیچیدگیوں یا معذوری کا شکار ہوں اور انہیں مستقل دیکھ بھال کی ضرورت ہو۔

رخصت کی منظوری ایک مستند میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر دی جائے گی، جسے متعلقہ طبی ادارہ جاری کرے گا۔ ابتدائی طور پر یہ رخصت ایک سالہ ادا شدہ زچگی رخصت کے بعد شروع ہوگی، جسے طبی بنیادوں پر ہر سال باقاعدہ منظوری کے ساتھ مزید تین سال تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

اگر بچے کی صحت بہتر ہو جائے تو متعلقہ حکام کی جانب سے یہ رخصت معطل کی جا سکتی ہے اور طبی ہدایت پر ملازمہ کو کام پر واپس آنے کی اجازت جاری کی جائے گی۔ تین سال سے زائد رخصت کی صورت میں معاملہ اعلیٰ انسانی وسائل کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا جو مزید فیصلہ کرے گی۔

یہ رخصت ملازمہ کی سروس کا حصہ شمار کی جائے گی اور زچگی رخصت کے دوران کارکردگی کا جائزہ بھی کارکردگی کے نظم و نسق کے نظام کے تحت لیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button