
خلیج اردو
ابوظہبی پولیس نے ای اسکوٹر اور الیکٹرک بائیک استعمال کرنے والوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے 9 اہم حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق ای اسکوٹر چلاتے وقت ہیلمٹ، گھٹنوں اور کہنیوں کے حفاظتی پیڈ سمیت ذاتی حفاظتی سامان کا استعمال لازمی کیا جائے۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ صرف مخصوص سائیکل ٹریکس پر سفر کریں، ٹریفک کی سمت میں چلیں اور موٹر گاڑیوں کے لیے مختص سڑکوں پر ای اسکوٹر چلانے سے گریز کریں۔
ابوظہبی پولیس نے رفتار کی مقررہ حد پر عمل کرنے، کسی بھی مسافر یا بھاری سامان کو ساتھ نہ لے جانے اور دورانِ سفر ایئربڈز استعمال نہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ اطراف کے ماحول سے مکمل آگاہی برقرار رہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ ٹریفک سگنلز اور سڑک کے اشاروں کی پابندی کریں، دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کو قانون کے مطابق راستہ دیں اور موبائل فون یا کسی بھی ایسی ڈیوائس کے استعمال سے گریز کریں جو توجہ ہٹانے کا باعث بنے۔
ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ سفر سے پہلے ای اسکوٹر یا الیکٹرک بائیک کے بریک، ٹائروں اور لائٹس کو اچھی طرح چیک کریں، جبکہ ہجوم والے علاقوں میں احتیاط سے چلائیں، پیدل چلنے والوں کو ترجیح دیں اور خطرناک اوور ٹیکنگ یا کرتب دکھانے سے گریز کریں۔







