
خلیج اردو
ابوظبی: ابوظبی میں صحت و خوراک کے ضوابط کی خلاف ورزی پر حکام نے پانچ ریستوران اور ایک سپر مارکیٹ کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ بند کیے جانے والے ریستوران میں معروف پاکستانی ریستوران ‘پاک روی’، ‘لاہور گارڈن گرل ریستوران اینڈ کیفےٹیریا’، ‘کراک فیوچر کیفےٹیریا’، ‘سالٹی دیسی دربار ریستوران’ اور ‘ال مقام کارنر ریستوران’ شامل ہیں، جبکہ ‘رچ اینڈ فریش سپر مارکیٹ’ کو بھی سیل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق ان تمام کاروباری اداروں پر بار بار خطرناک اشیاء کی موجودگی اور خوراک کی حفاظت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ان اداروں کو ان خلاف ورزیوں کو درست کرنے کا موقع دیا گیا تھا لیکن وہ بہتری لانے میں ناکام رہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بندش کا یہ حکم اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک ادارے اپنی صورتحال کو درست کر کے تمام ضروری تقاضے پورے نہیں کر لیتے اور خلاف ورزی کی وجوہات مکمل طور پر ختم نہیں کر دی جاتیں۔
امارت میں صحت و سلامتی کو لاحق خطرات پر حکام کی جانب سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور باقاعدہ معائنے کیے جاتے ہیں تاکہ اداروں کی جانب سے حفاظتی معیار پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسی دوران، پیر کو ابوظبی کے ‘روپاشی بنگلہ ریستوران ایل ایل سی’ کو بھی خوراک کے تحفظ کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر بند کرنے کا حکم دیا گیا۔ یہ ریستوران ہمدان بن محمد اسٹریٹ پر واقع ہے اور اسے قانون نمبر 2 آف 2008 کی خلاف ورزی پر انتظامی نوٹس جاری کیا گیا۔ ریستوران کو اس وقت تک بند رکھا جائے گا جب تک وہ تمام ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی نہیں بنا لیتا۔







