
خلیج اردو
ابوظہبی: فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی نے متحدہ عرب امارات میں ویزہ اور رہائشی خدمات کے حوالے سے جعلی اشتہارات پر عوام کو سخت خبردار کر دیا ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایسے اشتہارات جو تیز تر ویزہ پراسیسنگ کے دعوے کرتے ہیں مکمل طور پر جعلی ہیں اور ان کا مقصد عوام کو دھوکہ دے کر رقم بٹورنا ہے۔
آئی سی پی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ شہری، رہائشی اور سیاح تمام خدمات صرف سرکاری ذرائع سے ہی حاصل کریں۔ اتھارٹی نے عوام کو غیر مجاز دفاتر اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز رفتار سروسز کے نام پر جھوٹے وعدے کر کے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی تیسری پارٹی کو ویزہ پراسیسنگ میں خصوصی رعایت نہیں دی گئی اور ایسے اشتہارات صرف دھوکہ دہی اور غیر قانونی پیسہ بٹورنے کا ذریعہ ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق ان جعلی سروسز سے نہ صرف صارفین کا استحصال ہو رہا ہے بلکہ سیکیورٹی خطرات بھی جنم لے رہے ہیں۔
آئی سی پی نے تصدیق کی کہ وہ ایسے مشکوک اکاؤنٹس اور ویب سائٹس پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور متعلقہ قانونی اداروں کے ساتھ مل کر ان عناصر کے خلاف کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو شفاف اور منصفانہ خدمات فراہم کی جا سکیں۔







