
خلیج اردو
دبئی: ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا مقابلہ آج دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچز جیتنے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گی، تاہم تیاری کے لحاظ سے پاکستان کو برتری حاصل ہے کیونکہ قومی ٹیم نے حال ہی میں یو اے ای میں سہ ملکی سیریز جیت کر بھرپور مشق کی ہے، جبکہ بھارت نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ فروری میں کھیلا تھا۔
یہ مقابلہ محض کھیل نہیں بلکہ کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہے۔ پاکستان اور بھارت جب آمنے سامنے آتے ہیں تو زندگی تھم سی جاتی ہے۔ دبئی اسٹیڈیم میں شائقین کا جمِ غفیر امڈنے کی توقع ہے جہاں دونوں ممالک کے تارکینِ وطن ایک جشن کا سماں پیدا کریں گے۔
تاہم اس بار اس ٹاکرے کا رنگ کچھ مختلف ہے۔ بھارت کے ویرات کوہلی اور روہت شرما جبکہ پاکستان کے بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے بڑے نام ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ دونوں ممالک کے شائقین ان ستاروں کو دیکھنے کے عادی تھے اور ان کی غیر موجودگی مقابلے کی چمک کچھ مدھم کر رہی ہے۔
اب قیادت نوجوان کپتانوں کے ہاتھ میں ہے—بھارت کے سوریہ کمار یادو اور پاکستان کے سلمان علی آغا۔ ماہرین کے مطابق یہ میچ نئے ہیروز کو جنم دے گا کیونکہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ تاریخ یہی بتاتی ہے کہ دباؤ کے لمحات ہی اصل ہیرو تراشتے ہیں۔







