
خلیج اردو
بحرین میں ایک افسوسناک آتشزدگی کے واقعے میں 27 سالہ خاتون اور اس کے تین کمسن بچے جاں بحق ہو گئے۔
وزارت داخلہ کے مطابق آگ راملی ہاؤسنگ کی ایک کثیر المنزلہ عمارت کے اپارٹمنٹ میں لگی، جہاں خاتون کے ساتھ اس کے پانچ، تین اور ایک سالہ بچے بھی موجود تھے۔
واقعے کے وقت بچوں کا والد گھر میں موجود نہیں تھا۔ بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے بچوں کے والد حسن عبدالاعل العطیفی سے تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اطلاع ملتے ہی سول ڈیفنس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کی۔ فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کے بعد دوبارہ شعلے بھڑکنے کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے کولنگ آپریشن بھی کیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق پانچ سالہ بچے کو کمزور نبض کے ساتھ نکالا گیا لیکن وہ بعد میں دم توڑ گیا، جبکہ دیگر دو بچوں اور والدہ کی موت امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے پہلے ہی ہو چکی تھی۔
عمارت کے دیگر رہائشیوں کو بحفاظت باہر نکال کر عارضی رہائش فراہم کر دی گئی۔ رپورٹس کے مطابق والد جب گھر پہنچا اور اپنے اہل خانہ کی لاشیں دیکھیں تو اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام نے آتشزدگی کی اصل وجہ نہیں بتائی، تاہم شہریوں کو بجلی کے کنکشنز کی حفاظت یقینی بنانے، فائر سیفٹی قوانین پر عمل کرنے اور عمارتوں میں فائر الارم و آگ بجھانے والے نظام کی باقاعدہ دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے۔
والدین کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ بچوں کو بغیر نگرانی اکیلا نہ چھوڑیں اور انہیں بجلی کے آلات، چولہے یا اوون کے قریب جانے سے روکیں۔







