
خلیج اردو
بھارت کی معروف ایئرلائن انڈی گو کی ویب سائٹ میں تکنیکی خرابی کے باعث بدھ کے روز بعض صارفین کو ٹکٹ بک کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صارفین نے بتایا کہ فلائٹ سرچ کرنے پر ویب سائٹ پر "نو ڈیٹا اویلیبل” کا پیغام ظاہر ہو رہا تھا، جس کے باعث وہ آن لائن بکنگ مکمل نہیں کر سکے۔
انڈی گو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایئرلائن کے بنیادی ریزرویشن سسٹم میں عارضی مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے کچھ صارفین آن لائن سروسز تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔
ایئرلائن کے مطابق تکنیکی ٹیمیں اپنے پارٹنر کے ساتھ مل کر مسئلے کو جلد حل کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
انڈی گو نے فوری سفر کرنے والے مسافروں کو ہیلپ لائن سے رابطہ کرنے جبکہ بعد کی تاریخوں میں سفر کرنے والے صارفین کو کچھ دیر بعد دوبارہ ویب سائٹ یا ایپ استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔
ایئرلائن نے صارفین سے ہونے والی پریشانی پر معذرت کرتے ہوئے ان کے تعاون اور صبر کا شکریہ ادا کیا۔







