
خلیج اردو
مشرق وسطیٰ کے معروف سپرمارکیٹ برانڈ "کیرفور” نے گزشتہ 10 ماہ میں 4 ممالک سے اپنی سرگرمیاں ختم کر دیں، جس سے خطے کی ریٹیل مارکیٹ میں بڑی تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ کمپنی نے اردن، عمان، بحرین اور کویت میں اپنی شاخیں بند کر دیں اور صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کسی مالی یا آپریشنل وجہ کی وضاحت نہیں کی۔
یو اے ای کی کمپنی "ماجد الفطیم”، جو خطے میں کیرفور کے آپریشنز کی واحد مجاز ہے، نے اس دوران اپنے ہی گروسری برانڈ "ہائپر میکس” کو وسعت دی ہے۔
بند ہونے والے ممالک کی تفصیل:
-
اردن: 4 نومبر 2024 کو اسٹورز بند ہوئے۔
-
عمان: 7 جنوری 2025 کو تمام آپریشنز ختم کیے گئے۔
-
بحرین: 14 ستمبر 2025 کو کاروبار بند کر دیا گیا۔
-
کویت: دو دن بعد، 16 ستمبر 2025 کو کیرفور نے اپنی سرگرمیاں ختم کر دیں۔
کیرفور کا آغاز خطے میں 1995 میں ہوا تھا، اور آج بھی ماجد الفطیم اس برانڈ کو مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا کے کئی ممالک میں چلاتا ہے۔ مئی 2025 تک 12 مارکیٹوں میں 390 سے زائد کیرفور اسٹورز روزانہ 7 لاکھ سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
ماجد الفطیم نے ان انخلا پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم ہر ملک میں کمپنی نے صرف سوشل میڈیا پر صارفین کا شکریہ ادا کرنے اور معذرت کے مختصر پیغامات جاری کیے۔
دوسری جانب، ہائپر میکس برانڈ تیزی سے وسعت پا رہا ہے۔ بحرین سے کیرفور کے انخلا کے بعد وہاں 6 ہائپر میکس اسٹورز کھولے گئے، جبکہ عمان اور اردن میں اس برانڈ کی 44 شاخیں پہلے سے موجود ہیں۔ اس طرح تین مارکیٹوں میں اس کے اسٹورز کی مجموعی تعداد 60 ہو گئی ہے۔ ہائپر میکس مقامی کسانوں، پروڈیوسرز اور چھوٹے کاروباروں کے ساتھ پارٹنرشپ پر زور دیتا ہے۔ صرف بحرین میں ہی اس کے 250 سے زائد مقامی پارٹنرز ہیں۔
اگرچہ ہائپر میکس ان مارکیٹوں میں فوری طور پر شروع کیا گیا ہے جہاں کیرفور بند ہوا، تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ فی الحال اسے دیگر ممالک تک پھیلانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔







