
خلیج اردو
دبئی میں گاڑیوں کی منفرد نمبر پلیٹس کی 121ویں اوپن نیلامی میں مجموعی طور پر 6 کروڑ 57 لاکھ 21 ہزار درہم حاصل ہوئے، جبکہ سی سی 44 نمبر پلیٹ 67 لاکھ 20 ہزار درہم میں فروخت ہو کر سب سے مہنگی نمبر پلیٹ قرار پائی۔
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ہفتے کو ہونے والی نیلامی میں منفرد نمبر پلیٹس کی خریداری کے لیے شرکا نے بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔ بی بی 18 نمبر پلیٹ 66 لاکھ 20 ہزار درہم، جبکہ بی بی 80 نمبر پلیٹ 59 لاکھ درہم میں فروخت ہوئی۔
نیلامی کے نتائج کے مطابق بی بی 117 نمبر پلیٹ 10 لاکھ 16 ہزار درہم میں فروخت کی گئی۔
نیلامی دبئی کے ہلٹن دبئی الحبتور سٹی میں منعقد ہوئی، جس میں دو، تین، چار اور پانچ ہندسوں پر مشتمل گاڑیوں کی 60 منفرد نمبر پلیٹس پیش کی گئیں۔ یہ نمبر پلیٹس اے اے، بی بی، سی سی، ایچ، یو، وی، ڈبلیو، ایکس، وائی اور زیڈ سمیت 10 کوڈز کے تحت نیلامی کے لیے رکھی گئی تھیں۔
روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق نیلامی کے نتائج اس کی اوپن اور آن لائن نیلامی کی حکمت عملی کی کامیابی کا ثبوت ہیں، جس کا مقصد غیر جانب داری، شفافیت اور منفرد نمبر پلیٹس خریدنے کے خواہش مند تمام شرکا کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ منفرد نمبر پلیٹس مالکان کے لیے علامتی اہمیت رکھتی ہیں اور ان کی ذاتی پسند اور انفرادی ترجیحات کی عکاسی کرتی ہیں۔







