
خلیج اردو
دبئی: ایپل کے نئے آئی فون 17، 17 پرو اور آئی فون ایئر کی لانچ کے بعد کئی ممالک کے سیاح دبئی کا رخ کر رہے ہیں تاکہ یہ ڈیوائسز خرید سکیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ دبئی سے خریدنے پر قیمت اپنے ملک کے مقابلے میں کم پڑتی ہے، حتیٰ کہ ایئر ٹکٹ خریدنے کے بعد بھی۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے راحب محمد نے بتایا کہ دبئی میں آئی فون 17 پرو (2 ٹی بی اسٹوریج) کی قیمت 8,499 درہم ہے، جبکہ بھارت میں یہی فون 229,900 روپے (تقریباً 9,500 درہم) میں فروخت ہو رہا ہے۔ یعنی فرق ایک ہزار درہم سے بھی زیادہ ہے۔ ان کے مطابق کوچی سے دبئی کی ریٹرن فلائٹ تقریباً 700 درہم میں دستیاب ہے، لہٰذا دبئی سے خریدنا زیادہ سستا ہے۔ وہ اکتوبر میں دبئی آ کر یہ ڈیوائس خریدیں گے اور ان کا کہنا ہے کہ یہاں دستیابی بھی بھارت سے زیادہ آسان ہوگی۔
ایپل نے 9 ستمبر کو اپنی نئی ڈیوائسز لانچ کی تھیں جنہیں گزشتہ آٹھ برسوں میں سب سے بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔ آئی فون ایئر کو کمپنی کا سب سے پتلا فون کہا جا رہا ہے جس میں ٹائیٹینیم فریم اور پرو لیول پرفارمنس دی گئی ہے۔
دبئی کے ریٹیلرز کے مطابق پہلے ہی بیرون ملک سے کئی بکنگز موصول ہو چکی ہیں۔ ال عطار شاپنگ مال کے محمد رازق نے بتایا کہ بھارت، سی آئی ایس اور دیگر ممالک سے خریدار دبئی آنے والے ہیں۔ پری بکنگ 12 ستمبر کو کھلی اور چند منٹوں میں ہی سیل آؤٹ ہوگئی۔ یو اے ای میں آئی فون ایئر کی قیمت 4,299 درہم، آئی فون 17 پرو 5,099 درہم اور آئی فون 17 کی قیمت 4,699 درہم سے شروع ہوگی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں قیمت نسبتاً کم ہونے کے ساتھ ساتھ آسان رسائی بھی بڑی وجہ ہے۔ موبائل ڈیلر محمد شریف کے مطابق دبئی اور ابوظہبی میں ایپل اسٹورز کی دستیابی، زیادہ اسٹاک اور سہولت کی وجہ سے لوگ مختصر چھٹیوں پر آ کر خریداری کو ترجیح دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ یو اے ای فیز ون مارکیٹ میں شامل ہے، اس لیے کئی ایسے ممالک کے صارفین بھی دبئی کا رخ کریں گے جہاں لانچ فیز ٹو میں ہوگی۔ ریٹیلرز نے واضح کیا ہے کہ وہ صرف حقیقی صارفین کو ہی فروخت کریں گے، تاجروں کو نہیں۔






